واپڈاخیبر پختونخواہ کے 350ارب ادا کرے، بجلی بنا کے پورے ملک کو دینگے:شوکت یوسف زئی
لاہور( سپیشل رپورٹر)خیبر پختوانخوا ہ کے وزیر صنعت و حرفت شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ واپڈا ہمارے 350ارب کی ادائیگی کرے ہم خود بجلی بنا کر پورے پاکستان کو دیں گے ہم نے اپنے اعلان کے مطابق صوبے میں تعلیم اور صحت میں اصلاحات کی ہیں اپنے صوبے کی مصنوعات کی مارکیٹنگ کیلئے اپریل کے آخر میں دبئی اور امریکہ میں روڈ شوز کرینگے‘ طالبان سے مذاکرات میں حکومت کتنی سنجید ہ ہے وہ سب کو نظر آرہا ہے ۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے پروگرام ’’ میٹ دی پریس ‘‘ میں کیا اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصاری اور ممبر گورننگ باڈی خواجہ نصیر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر کے پی کے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ اٹک سے اس پار اس طرح کا تاثر دیا جارہا ہے کہ شاید خیبر پختوانخواہ نو گو ایریا ہے حالانکہ وہاں زندگی معمول کے مطابق ہے ہم نے صوبے میں یکساں تعلیمی نصاب رائج کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں اور پہلی جماعت سے اس کا آغاز کر دیا گیا ہے صحت کے میدان میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں ،انجیو گرافی ، انجیو پلاسٹی کی سہولت بالکل مفت ہے ‘ شوگر کے مریضوں کیلئے جنوبی ایشیاء میں پہلا انسولین بینک ہمارے صوبے میں قائم کیا گیا ہے اور شوگر کے مریضوں سے بغیر کوئی خرچ لئے علا ج کیا جارہا ہے اسکے علاوہ گردوں کا علاج بھی مفت ہے جبکہ ہیپاٹائٹس کے انجکشن بھی مفت فراہم کئے جارہے ہیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ خیبر پختوانخواپورے ملک کی جنگ لڑ رہا ہے لیکن اسے کسی طرح کی مراعات نہیں دی گئیں ہم اپنی ضرورت سے زائد بجلی اور گیس پیدا کرتے ہیں لیکن افسوس ہمیں ہی چور کہا جاتا ہے ہم نے آج تک یہ نہیں کہا کہ دوسرے صوبے ہماری بجلی اور گیس استعمال کیوں کر رہے ہیں عابد شیر علی آئیں اور بجلی چوروں کو پکڑیں ہم پولیس دینے کو تیار ہیں بلکہ خود ساتھ چلیں گے لیکن اپنی ناکامی چھپانے کے لئے پراپیگنڈا نہ کریں وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا کہ تین سے چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرینگے لیکن ابھی تک ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں ہوسکی کیا پنجاب اور سندھ میں بجلی چوری نہیں ہوتی لیکن صرف خیبر پختوانخواکو ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا چور واپڈا ہے جس نے ہمارے 350ارب روپے دینے ہیں وفاقی حکومت طے شدہ فارمولے کے مطابق ہمارے سالانہ 47ارب روپے ادا کرے ہم بجلی بنا کر دکھائیں گے او رپورے پاکستان کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ والوں کو خیبر پی کے حکومت کی اصلاحات اور کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے ا ور عابد شیر علی کی پختون دشمنی میں وزیر اعظم کی خاموشی سے ظاہر ہو رہا ہے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب او رسندھ کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں وہ خیبر پی کے میں آئیں انہیں ون ونڈو سہولت دی جائے گی کرک او رکوہاٹ کے درمیان انڈسٹریل اسٹیٹ بنا رہے ہیں ۔ وفاقی حکومت سے مطالبہ ہے کہ خیبر پی کے میں سرمایہ کاری کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کو مراعات دیں ہم انہیں ہر طرح کی سکیورٹی دیں گے۔ انہوں نے فارورڈ بلاک کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جمہوری جماعتوں میں ایسا ہوتا ہے فاروڑڈ بلاک کے لوگوں کی بات جائز ہے وہ کوئی وزارت یا مراعات نہیں مانگ رہے بلکہ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اپنے منشور پر تیزی سے عمل کرے۔