پی آئی اے کے عملے میں جھگڑا،مسافر خوار ہوگئے
لاہور(خصوصی رپورٹ) مسافر کو زائد سامان کی اجازت نہ دینے پرتلخ کلامی کے بعد پی آئی اے کے پائلٹ نے سپروائز ر کو تھپڑدے مارا جس پر ایئرلیگ یونین نے لندن جانیوالی پرواز کو عین وقت پر روک لیا اور انٹرنیشنل کاﺅنٹر بند کرادیئے جس کی وجہ سے بیرون ملک جانیوالی تین پروازیں متاثر ہوئیں ۔ایئرلیگ یونین کے صدر احمد بٹ نے بتایاکہ پی کے 757کے کپتان رضاچوہدری نے اپنے ایک رشتہ دارکو زائد سامان لے جانے کی اجازت دینے پراسرارکیا لیکن پی آئی اے کے سپروائزر علی رضانے اجازت دینے سے انکار کردیا، تلخ کلامی کے بعد پائلٹ نے سپروائزر کو تھپڑماردیاجس کے بعد احتجاجاً ایئرلیگ یونین نے لندن جانیوالی پرواز رکوادی جو دن گیارہ بجے روانہ ہوناتھا۔ احمد بٹ کے مطابق کپتان کے معافی مانگنے پر ہی پروازکو روانہ ہونے دیں گے ، تمام انٹرنیشنل کاﺅنٹر بند کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے بیرون ملک جانیوالی دیگر تین پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔