برطانوی فیملی کابھوت کے ساتھ ’فوٹوشوٹ‘
لندن (نیوز ڈیسک) ایک برطانوی خاندان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل لی جانے والی تصاویر میں ایک لڑکی کے بھوت کی موجودگی دریافت کی ہے۔ مغربی وارکشائر کے رہنے والے جان برن سائڈ اور شونابیک ہاؤس کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے دو سال قبل یورک میں واقع ”کیسل عجائب گھر“ کا دورہ کیا تو اسی وقت بے حد عجیب سا لگ رہا تھا تاہم دو سال بعد اتفاقیہ اس دورے کی تصاویر کا جائزہ لیا تو ایک بچی کا چہرہ ان میں نظر آرہا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جان کو اپنا پرانا میموری کارڈ پاجامے کی جیب میں ملا تو وہ وقت گزارنے کے لئے تصاویر دیکھنے لگے۔ اسی دوران انہیں یہ بھوت نظر آیا۔ میاں بیوی کا کہنا ہے پہلے پہل تو انہیں یقین نہ آیا۔ ”کیسل عجائب گھر“ کے بارے میں پہلے بھی دعویٰ کیا جاچکا ہے کہ یہ آسیب زدہ ہے۔ 2006ء میں ایک فلم کی عکسبندی کے دوران عملے نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں چیخیں سنائی دیتی اور بھوت بچے دوڑتے نظر آتے ہیں۔ تاہم ”عجائب گھر“ کی انتظامیہ نے اس معاملے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ یہ نہیں کہا جاسکتا کہ اس جوڑے کی بات پر یقین کیا جائے یا نہیں کیونکہ آج کل ٹیکنالوجی اتنی ترقی کرگئی ہے کہ جعلی تصاویر بنانا بے حد آسان ہے۔ ماہرین کے مشاہدے کے بعد ہی اس بارے میں حتمی رائے دی جاسکے گی۔