عابد شیر علی کے بجلی چوری کے الزامات ،سندھ اسمبلی کے اراکین آپس میں الجھ پڑے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عابد شیر علی کے بجلی چوری کے الزمات پر سندھ اسمبلی کے ارکان آپس میں الجھ پڑے ، سپیکر ارکان کو خاموش کرانے کی کوشش کرتے رہے۔دو دن کے وقفے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا۔سندھ میں طویل لوڈ شیڈنگ پر پیپلز پارٹی کے ارکان نواز لیگ پر برس پڑے۔غلام قادر چانڈیو کا کہنا تھا کہ بجلی بند کر کے زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔انہوں نے عابد شیر علی اور وزیر اعظم نواز شریف پر بھی تنقید کی جس پر ن لیگ کے ارکان نے احتجاج کیا۔اس دوران دونوں جانب سے ارکان نے کھڑے ہو کر بولنا شروع کر دیا۔سپیکر ارکان کو خاموش کراتے رہے۔عرفان اللہ مروت کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کو چور کہنا مناسب نہیں ، بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ عابد شیر علی بولنے سے پہلے سوچ لیا کریں ، اس سے پہلے اجلاس شروع ہونے پر ایوان میں متحدہ قومی موومنٹ کو سرکاری نشستیں الاٹ کر دی گئیں۔