ریاست مخالف دہشتگردوں کاخاتمہ بہت ضروری ہے،صاحبزادہ حامد رضا

ریاست مخالف دہشتگردوں کاخاتمہ بہت ضروری ہے،صاحبزادہ حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ریاست مخالف دہشت گردوں کا خاتمہ ضروری ہے کیونکہ ایک ملک میں دو فوجیں نہیں ہو سکتیں پاک فوج پر حملے کرنے والے دہشت گرد امریکہ، بھارت اور افغانستان کے پے رول پر ہیں دہشت گردوں کے لگائے زخموں کی وجہ سے پاکستان کے انگ انگ سے لہو ٹپک رہا ہے طالبان نے جنگ بندی کے دوران بھی احرارالہند کی شکل میں دہشت گردی جاری رکھی اور سکیورٹی فورسز کی طرف سے کسی قسم کا آپریشن نہ کرنے کا فائدہ اٹھایا نوازشریف کا آمرانہ اور بادشاہانہ طرزعمل جمہوریت کے لیے خطرہ ہے ملک و قوم کو دہشت گردی کا اسیر بنانے والوں کو رہا کرنا ملک دشمنی ہے پاکستان کو مستقل وزیرخارجہ اور وزیردفاع کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے 20اپریل کو ہونے والی استحکام پاکستان کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کرپشن، انتخابی دھاندلی اور سرمائے کی بیرون ملک منتقلی بھی غداری ہے اور اپنے من پسند افراد کو قومی ادارے اونے پونے فروخت کرنا بھی غداری کے زمرے میں آتا ہے جمہوریت کے چیمپئن بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرواتے دہشت گردی کچلنے کے لیے نئی قانون سازی ضروری ہے کیونکہ ملک حالت جنگ میں ہو تو خصوصی قوانین بنانے پڑتے ہیں گلے کاٹنے کی بجائے ایک دوسرے کو گلے لگانے کی ضرورت ہے مسجدوں، مزاروں اور مارکیٹوں میں انسانوں کے چیتھڑے اڑانے کا کوئی اخلاقی اور شرعی جواز نہیں اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور غیرملکی فنڈز سے جہاد نہیں فساد ہی ہو سکتا ہے۔
امریکی ڈالروں کے ذریعے لڑنے والے اب سعودی ریالوں سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکہ کی جنوبی ایشیا کے لیے پالیسی بھارت کے گرد گھومتی ہے۔ افغانستان میں بھارت اور امریکہ کے مشترکہ مفادات ہیں۔ اس لیے امریکہ بھارت کو افغانستان میں مضبوط کر رہا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کے لیے سول اور عسکری قیادت کا باہمی اعتماد ضروری ہے۔ پاک فوج کے خلاف بدزبانی کرنے والے وزراء کو فارغ کیا جائے۔ نوازشریف پرویز مشرف پر مقدمہ چلانے سے پہلے امیرمقام، زاہد حامد، ماروی میمن اور عبدالقادر بلوچ کو کابینہ اور مسلم لیگ سے الگ کریں۔ اپوزیشن حکومتی کوتاہیوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ تمام بڑی جماعتیں اقتدار میں حصے دار ہیں اس لیے ملک میں اپوزیشن کا وجود دکھائی نہیں دیتا اور اقتدار میں شریک جماعتیں من مانی کر رہی ہیں۔ سیاست محض ذاتی مفادات کے لیے ہو رہی ہے اور جمہوریت کے نام پر لوٹ مار جاری ہے۔ لنڈی کوتل میں فوجی چھاؤنی پر حملے سے دہشت گردوں کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔