پاکستان کا حتف تھری غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے حتف تھری غزنوی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل زمین سے زمین مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 290 کلومیٹر تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے ۔ترجمان کے مطابق حتف تھری ایٹمی وار ہیڈ اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے میزائل کے تجربے کا معائنہ کیا، حتف تھری بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے میزائل کی تیاری میں شامل ماہرین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔