میرٹ نے تحریکِ انصاف کی ’وکٹ‘ اڑا دی ، عمران خان کا خاندان تقسیم
لاہور( سٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) عام انتخابات سے قبل ٹکٹوں کی تقسیم نے خاندان تقسیم کرنے شروع کردیے ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری کے اپنے والد سے اختلافات کی خبریں منظرِعام پر آنے کے بعد اب ناقابل ِتردید اختلافات تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے خاندان میں تقسیم کی صورت میں سامنے آئے ہیں جس کا موجب ان کے آبائی حلقے میانوالی سے اپنے کزن انعام اللہ نیازی کو ٹکٹ نہ دینا بنا ہے ۔ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان آبائی حلقہ این اے 71میانوالی ون سے خود امیدوار ہیں جبکہ دوسرے حلقے این 72میانوالی ٹو سے سابق وزیر ڈاکٹر شیر افگن نیازی کے بیٹے امجد خان نیازی کو ٹکٹ دیدیا ہے جس سے عمران خانے کے کزن انعام اللہ نیازی ٹکٹ سے محروم ہوگئے ہیں اور تحریکِ انصاف کے بانی رکن سعید اللہ نیازی بھی بھائی انعام اللہ نیازی کی ’حق تلفی‘ پر ناراض ہو کر تحریکِ انصاف چھوڑ نے کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں تاہم انعام اللہ نیازی نے ابھی باقائدہ اس کی تصدیق نہیں کی لیکن نجی ٹی وی نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی رکن حفیظ اللہ نیازی اپنے بھائی انعام اللہ نیازی تحریکِ انصاف سے الگ ہوگئے ہیں اورمیانوالی کے دونوں حلقوں این اے 71اور 72سے الیکشن لڑنے کااعلان کردیاہے۔ہمارے نمائندے نے پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئندہ انتخابات میں میانوالی کیلئے پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پر دونوں رہنماﺅں کے پارٹی سے اختلافات چل رہے تھے جس پر ا±نہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ مگر انعام اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ وہ ہر صورت الیکشن لڑیں گے اور پارلیمانی بورڈ کے فیصلے کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔ذرائع نے بتایاکہ پارلیمانی بورڈ نے این اے 72سے ڈاکٹر شیرافگن مرحوم کے بیٹے امجد نیازی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیاجہاں سے انعام اللہ نیازی امیدوار تھے جبکہ پارلیمانی بورڈ میں اپنے کزن انعام اللہ نیازی کے بجائے امجد نیازی کا نام خود عمران خان نے پیش کیا ۔واضح رہے کہ میانوالی کے قومی اسمبلی کے صرف دوحلقے این اے 71اور 72ہیں جبکہ این اے 71سے خود عمران خان الیکشن لڑرہے ہیں۔ذرائع کے مطابق امجد نیازی کو پی ٹی آئی کی رہنماءعائلہ ملک کی حمایت بھی حاصل ہے جس پر کچھ دن قبل حفیظ اللہ نیازی نے ایک کالم میںشدید تنقید کی تھی اور وہ پی ٹی آئی کی ویمن ونگ کی صدارت کاالیکشن بھی ہار گئی تھیں۔ پی ٹی آئی کے اس فیصلے کے بعد عمران خان کے خاندان میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں اور عملی طور پر یہ خاندان پہلی بار الیکشن کی وجہ سے تقسیم ہوا ہے۔