محمد عامر 2015کا ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے
لاہور (نیو ز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر 2015ء کا ورلڈ کپ نہیں کھیل سکیں گے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ اگر محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ میں اسی سال واپس آبھی جائیں تب بھی یہ ممکن نہیں کہ وہ فروری 2015ء میں ہونے والا ورلڈ کپ کھیل سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چاہتی ہے کہ محمد عامر اپنی سزا پوری کریں۔ یاد رہے محمد عامر پر اگست 2010ء میں سپاٹ فکسنگ کی وجہ سے 5سال کیلئے پابندی لگی تھی جو کہ اگست 2015ء میں ختم ہوگی۔ قبل ازیں پی سی بی کے چیئر مین نجم عزیز سیٹھی کاکچھ عرصے سے یہ کہنا تھا کہ وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ محمد عامر کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل جائے لیکن سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کیسی کوشش تھی کہ آئی سی سی نے نجم سیٹھی کی ایک نہ سنی اور پابندی کو چند ماہ بھی کم نہ کیا۔ دوسری جانب محمد عامر کہا کہنا ہے کہ جب اللہ نے چاہا وہ کرکٹ کھیل سکیں گے تاہم وہ نجم سیٹھی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان کے لئے بہت محنت کی۔